جمعیت اہلحدیث ن لیگ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، کاشف نواز
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے چیف آرگنائزر چودھری کاشف نواز رندھاوا نے کہا ہے مرکزی جمعیت اہلحدیث انتخابات میں مسلم لیگ ن کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان بھر میں مرکزی جمعیت اہلحدیث ایک بڑا ووٹ بینک رکھتی ہے جو مسلم لیگ ن کو ملیں گے۔
وہ گزشتہ روز خانیوال میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کی مجلس شوریٰ کے فیصلے کے مطابق وہ پاکستان بھر میں جماعت کے کارکنوں کو انتخابی مہم کے لیے تیار کرنے کے لیے دورے کررہے ہیں۔ علامہ کاشف رندھاوا نے کہا کہ جمعیت اہلحدیث پاکستان ایک مضبوط جماعت ہے ، ہر شہر میں ہزاروں ووٹر ہیں جو اپنے امیر پروفیسر ساجد میر کے حکم پر لبیک کہتے ہیں ،جمعیت اہلحدیث پاکستان ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ اور ملک کو بے روز گاری اور غربت سے نکالنے کے لئے میاں نواز شریف کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ 28 جنوری کو لاہور کے مینار پاکستان پر اہلحدیث کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں ملک بھر سے لاکھوں افراد شریک ہوں گے ۔