بجلی چوروں کا میپکو ٹیم پر تشدد، میٹر ، تار چھین لئے
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) سیٹلائٹ ٹائون سب ڈویژن صادق آباد نے بڑے پیمانے پر بجلی چوری پکڑ لی ۔ڈائریکٹ تار سے بجلی چوری پکڑے جانے پر قومی خزانے کونقصان پہنچانے والوں کا میپکو سرویلنس ٹیم پر تشدد، آتشی اسلحہ سے ملازمین کو زدوکوب کیا۔ڈنڈوں سے مارا پیٹا ، میٹر اور بجلی کی تاریں چھین لیں ۔
ایک ملزم کو پولیس نے موقع سے گرفتارکرلیا۔ بجلی چوری کی مد میں 652120جرمانہ عائد کیاگیا۔ تھانہ سٹی سرکل صادق آباد میں مقدمہ درج کروادیاگیا۔ ایس ڈی او میپکو سیٹلائٹ ٹائون سب ڈویژن صادق آباد محمد اعجاز کے مطابق لائن مین خرم رشید اور محمد ریحان پر مشتمل میپکو سرویلنس ٹیم کے ایل پی روڈ مدینہ مارکیٹ نزد چونگی نمبر 10پر پہنچے اور ایک طیب ہوٹل نامی کمرشل بجلی چور سمیت 5فلیٹس پر ڈائریکٹ تار سے بجلی چوری پکڑ لی۔ سرویلنس ٹیم نے بجلی کی تاریں اور میٹراتارے تو محمد سبزل ،محمد اختر اور صفدر عباس موقع پر آتشی اسلحہ لیکر پہنچ گئے اور ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا ۔ سرکاری ریکارڈ پھاڑدیا جبکہ اتارے گئے میٹرزاور بجلی کی تاریں چھین لیں ۔ میپکو ٹیم کے پولیس کو کال کرنے پر فورس موقع پر پہنچی جس نے طیب ہوٹل کے مالک بجلی چورکو موقع سے گرفتار کرلیا۔ ایس ڈی او سیٹلائٹ ٹائون سب ڈویژن صادق آباد کی درخواست پر تھانہ سٹی سرکل صادق آباد میں مقدمہ درج کروادیاگیاہے ۔