سبزیاں مہنگی ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ناکام

سبزیاں مہنگی ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ناکام

ملتان (لیڈی رپورٹر) شہر بھر میں مہنگائی کا جن ایک مرتبہ پھر بوتل سے باہر آ گیا جسکی وجہ سے سبزیاں بھی عام آدمی کی قوت خرید سے باہر ہو چکی ہیں۔ ملتان کی سبزی منڈی میں سبزیوں کی قیمتیں اب آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ۔

پیاز 240 روپے فی کلو ، لہسن 650، ادرک 780روپے کلو، لیموں 300جبکہ موسمی سبزیوں کی اگر بات کی جائے تو گوبھی 160، ساگ 150 روپے کلو جبکہ مٹر 400روپے فی کلو کے حساب سے مارکیٹ میں فروخت ہو رہے ہیں جسکی وجہ سے شہریوں کی قوت خرید جواب دے چکی اس وقت مارکیٹ میں سب سے سستی سبزی آلو ہے جو کہ 100روپے جبکہ ٹماٹر 130 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے ۔ دوسری جانب سبزی کی دکانوں پر سرکاری ریٹ لسٹ آویزاں نہ ہونے کی وجہ سے دکاندار مہنگے داموں سبزی فروخت کر رہے ہیں۔اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی غیر سنجیدگی نے شہریوں کو پریشان کر دیا ہے ۔شہر میں 48پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ہیں جو کہ غیر فعال ہیں تاہم انکی کارکردگی صرف فوٹو سیشن کی حد تک محدود ہے ۔ شہریوں نے  اعلیٰ حکام سے مہنگائی کی روک تھام بارے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں