پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی مایوس کن رہی :ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑھ( سٹی رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر میاں عثمان علی نے کہا ہے کہ رواں ماہ کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے ۔
جن افسروں کی الیکشن میں ڈیوٹی نہیں تھی اور انہوں نے اپنے معمول کے کام ذمہ داری سے سر انجام نہیں دئیے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔یہ بات انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ افسروں کی عدم دلچسپی سے مظفرگڑھ صوبہ بھر میں 26نمبر پر چلا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب زیادہ محنت کی ضرورت ہے ۔اپنی اپنی کارکردگی کو بڑھایا جائے اور افسران کو روزانہ کا ہدف دیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ جن افسروں کی مسلسل غیر حاضری ہے اور ان کی کارکردگی بھی ناقص ہے ان کے خلاف بھی فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں ماہ کے دوران ضلع بھر کے 26پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 7974 دکانوں کا معائنہ کیا اور خلاف ورزی پر 3 لاکھ 59 ہزار 500 روپے جرمانہ کیا،9 ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا۔4 دکانوں کو سیل کیا گیا اور 23 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔