کپاس کی منظور شدہ ٹرپل جین کاشت کی جائے ،محکمہ زراعت

کپاس کی منظور شدہ ٹرپل جین کاشت کی جائے ،محکمہ زراعت

ملتان ( وقائع نگار خصوصی)ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کپاس کے کاشتکار فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے صرف منظور شدہ ٹرپل جین اقسام کا تصدیق شدہ 75 فیصد سے زیادہ اگاؤ والا 4 تا5 کلوگرام اور۔۔۔

 60 فیصد والا 5 تا6 کلوگرام  بُر اترا ہوا بیج استعمال کریں۔پودوں کی فی ایکڑ تعداد وقت کاشت،زمین کی زرخیزی،ثمردار شاخوں کی لمبائی،غیر ثمردار شاخوں کی تعداد اور بیج کی قسم پر منحصر ہے ۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا ہے کہ کپاس کے کاشتکار اگیتی کپاس سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے ٹرپل جین منظور شدہ اقسام سی کے سی 5،سی کے سی 1،غوری 2،سی کے سی6 اورآئی سی ایس386 کی کاشت وسط فروری تا31 مارچ تک پنجاب کے اُن تمام علاقہ جات جہاں کپاس لگائی جا سکتی ہے مکمل کر لیں جبکہ ملتان، لودھراں، بہاولپور، وہاڑی، خانیوال، ڈی جی خان، رحیم یار خان،بہاولنگر، راجن پور، مظفر گڑھ، لیہ، فیصل آباد اور ساہیوال کے اضلاع میں کپاس کی اگیتی کاشت کے لئے منظور شدہ ٹرپل جین اقسام سی کے سی3 اور حتف 3 کی کاشت وسط فروری تا 31 مارچ مکمل کر لیں۔ کاشتکار 31 مارچ تک کاشت کیلئے قطاروں کا باہمی فاصلہ 2.5 فٹ اور پودوں کا باہمی فاصلہ 1.5تا2 فٹ رکھیں۔ کپاس کے کاشتکار پودوں کی فی ایکڑ سفارش کردہ تعداد کے حصول کیلئے بیج کی روئیدگی کا ٹیسٹ پہلے کروا لیں۔کاشتکار بیج کی خریداری سے قبل سرٹیفائیڈ بیج کے بیگ پر کمپنی کے لیبل اور تصدیقی ٹیگ کو لازماًچیک کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں