محکمہ سکولز پنجاب:ایک لاکھ 15 ہزار اساتذہ کی قلت،تعلیمی سر گرمیاں متاثر

محکمہ  سکولز پنجاب:ایک لاکھ 15 ہزار  اساتذہ  کی  قلت،تعلیمی  سر  گرمیاں  متاثر

ملتان(شاہدلودھی سے )محکمہ سکولز پنجاب تباہی کے دہانے ، اساتذہ کی کمی نے طلباو طالبات کا مستقبل داو پر لگادیا۔

تفصیل کے مطابق پنجاب کو ایک لاکھ 15ہزارسکول اساتذہ کی کمی کا سامنا ہے ۔پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں پرائمری اساتذہ کی خالی آسامیوں کی تعداد 70ہزارسے بڑھ کر ایک لاکھ 15ہزارہو گئی ہے ۔ ایک نئی پورٹ کے مطابق صوبے کے 9000 سے زائد پرائمری سکولوں میں اساتذہ کی شدید کمی ہے ۔ ان پرائمری سکولوں میں فی سکول زیادہ سے زیادہ دو سے تین اساتذہ ہوتے ہیں۔کمی کے نتیجے میں اساتذہ کو دوسرے سکولوں میں تبادلوں کو محفوظ بنانے میں چیلنجز کا سامنا ہے ۔ خواتین اساتذہ پانچ سال سے زائد عرصے سے طلباء کو اپنی رہائش گاہوں سے دور پڑھانے پر مجبور ہیں۔ نگران حکومت نے پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی) کو 14 ہزار اساتذہ کی بھرتیوں کا کام سونپا گیا تھا مگر وہ بھی تعطل کا شکار ہوگیا علاوہ ازیں صوبے بھر کے مڈل سکولوں کے لیے 30 ہزار انسٹرکشنل سپورٹ ٹیموں کے ساتھ ساتھ ہائر سیکنڈری اسکولوں کے لیے 15 ہزار سے زیادہ سینئر سائنس ٹیچرز بھرتی کرنے کی ضرورت ہے ۔حکام کے مطابق 2027 تک مزید 30 ہزار اساتذہ کے ریٹائر ہونے کا امکان ہے اگر نئے اساتذہ کی بھرتی نہ کی گئی تو اگلے تین سالوں میں تعلیمی نظام مکمل تباہ ہوکر رہ جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں