موسمی تبدیلی ،متاثرہ ممالک میں پاکستان کا 5واں نمبر

موسمی تبدیلی ،متاثرہ ممالک میں پاکستان کا 5واں نمبر

ملتان (خصوصی رپورٹر) سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا ہے کہ موسمی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے نئی نسل کو صاف اور سرسبز ماحول کی اہمیت اور اس سے متعلقہ مسائل سے آگاہی دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔۔

محکمہ تعلیم جنوبی پنجاب کی طرف سے سرکاری سکولوں میں گرین بک کو بطور نصاب متعارف کروانے کا مقصد طلبہ کو تبدیل ہوتی آب و ہوا کے لیے تیار کرنا ہے ۔ وہ ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کے دورے پر آئے ۔ سینئر سول سرونٹ، سابق سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب غلام فرید اور ایک عالمی ادارے کے ساتھ وابستہ کلائمیٹ چینج کنسلٹنٹ غضنفر علی کو ماحولیات اور موسمی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کر رہے تھے ۔ ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا کہ موسمی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان پانچویں نمبر پر ہے ، ماحولیات اور اس کے تحفظ سے آگاہی بچوں کی پرورش کا لازمی جزو ہونا چاہیے ۔ ماحولیاتی تعلیم، وسائل کو موثر طریقے سے منظم کرنے میں مدد کرتی ہے اور بچوں میں تخلیقی سوچ کو ابھارتی ہے ۔ سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے سرکاری سکولوں کے طلبہ میں گرین بک کی تدریس اور اس کی افادیت کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گرین بک کی اشاعت اور اس کو سرکاری سکولوں کے نصاب میں شامل کرنا محکمہ تعلیم جنوبی پنجاب کا انقلابی اور دور رس نتائج کا حامل انیشی ایٹیو ہے ۔ اس کتاب کی تدریس میں طلبہ نہ صرف ماحولیاتی آگاہی کی سماجی مہارتیں سیکھتے ہیں بلکہ کلاس میں نظریاتی طور پر سیکھے گئے تصورات اور اپنی سماجی مہارتوں کو پروان چڑھاتے ہیں۔ اس موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سینیئر سول سرونٹ، محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کے سابق سیکرٹری غلام فرید نے کہا کہ بچوں سے صرف یہ کہنا کافی نہیں ہے کہ درخت لگانا ماحولیات کی بہتری کے لیے ضروری ہیں، ہمیں بچوں کو سمجھانے کی ضرورت ہے کہ یہ کیوں ضرری ہیں، انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کو ماحول دوستی کی تعلیم دینے سے ہی وہ اپنے اردگرد کے ماحول سے آگاہی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور صاف ستھرا ماحول برقرار رکھتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں