ریکوری میں ناکامی ، میپکو افسروں کیخلاف کارروائی کا حکم

ریکوری  میں  ناکامی  ،  میپکو  افسروں  کیخلاف  کارروائی  کا حکم

ملتان (خصوصی رپورٹر) سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکوملتان سرکل امجدنواز بھٹی نے فروری 2024ء کے ماہانہ اور پروگریسو ریکوری کے ٹارگٹس حاصل نہ کرنے والے ایس ڈی اوز اور ریکوری سٹاف کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں اور کہا ہے۔۔

 کہ تمام سرکاری اور پرائیویٹ نادہندگان سے واجبات /بقایاجات اور رننگ بلوں کی وصولیاں کی جائیں۔ نادہندہ سرکاری اداروں کے سربراہان سے رابطہ کیاجائے اور رواں ماہ کے اختتام تک بلوں کی ادائیگیاں کرائی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میپکو سرکل کمپلیکس میں ایگزیکٹو انجینئرز اور ریونیوآفیسرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ایس ڈی اوز گھریلو، کمرشل، ٹیوب ویل اور صنعتی صارفین کے خلاف ریکوری آپریشن کریں اور بیج وائز فہرستوں پر ریکوری کی جائے ۔ نادہندگان کے کنکشنز بغیر کسی رعایت کے منقطع کئے جائیں۔ نادہندہ زرعی ٹیوب ویل صارفین کے ٹرانسفارمرز اُتارے جائیں اور واجبات /بقایاجات کی ادائیگی تک کنکشنز بحال نہ کئے جائیں۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹرٹیکنیکل عمیر عزیز قاسم، ڈپٹی کمرشل منیجر ارم صبا، ایکسین کینٹ ڈویژن ملک اکرم جاوید، ایکسین سٹی ڈویژن معصب علی سلیمی، ایکسین شاہ رکن عالم ڈویژن عمران عمرلودھی، ایکسین موسیٰ پاک ڈویژن راشد مقبول، ایکسین شجاع آبادڈویژن ممتازعلی سولنگی، تمام ڈویژنوں کے ریونیو آفیسرز بھی موجود تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں