ریلوے:تیل چوری روکنے کا آن لائن منصوبہ فلاپ،اربوں کا خسارہ

ریلوے:تیل چوری روکنے کا آن لائن منصوبہ فلاپ،اربوں کا خسارہ

ملتان(خبرنگارخصوصی)پاکستان ریلوے سالانہ اربوں روپے کی چوری روکنے کے لئے آن لائن فیول مینجمنٹ سسٹم، ریلوے کالونیوں کے تمام رہائشی یونٹس میں الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے میٹر لگانے اور۔۔۔

 ریلوے نیٹ ورک کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبہ عملدرآمد میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے ۔ خیال رہے کہ ریلوے کو الیکٹریسٹی اور فیول کی مد میں سالانہ بنیادوں پر اربوں روپے خسارے کا سامنا ہے ، جسے مدنظر رکھتے ہوئے ریلوے حکام کی جانب سے اخراجات میں کمی لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جس کے تحت فیول، الیکٹریسٹی اخراجات میں کٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا اور اصلاحات تیار کی گئیں۔ فیول اور الیکٹریسٹی کی مد میں سالانہ اربوں روپے کے خسارے کو کم کرنے کے لئے ریلوے نیٹ ورک کو آن لائن فیول مینجمنٹ سسٹم پر منتقل کیا جانا تھا، اس سلسلہ میں فیول کے استعمال کی ڈیجیٹل نگرانی کے لیے فیول ٹریک مینجمنٹ سسٹم بھی متعارف کروایا جانا تھا۔ اسی طرح ریلوے کالونیوں کے تمام رہائشی یونٹس میں الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے میٹر لگانے اور ریلوے نیٹ ورک کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ مگر اس منصوبہ بھی تاحال عملدرآمد نہیں کیا جا سکا۔ محکمہ ریلوے کی جانب سے متعدد بار اعلانات کے باوجود ریلوے کالونیوں میں بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن بھی زبانی جمع خرچ سے آگے نہیں بڑھ سکا۔ معلوم ہوا ہے کہ ریلوے میں روزانہ لاکھوں روپے کا تیل چوری کر لیا جاتا ہے ، انجن آئل کے دوبارہ استعمال اور ڈیزل چوری جیسے مسائل ریلوے کے لئے درد سر بنے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس عمل میں ریلوے کے افسران تک ملوث ہوتے ہیں۔ ماضی میں ناقص موبل آئل کے استعمال سے ریلوے کے 198 انجن بھی تباہ ہو چکے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں