رمضان المبارک کے دوران سحروافطار میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کا حکم

رمضان المبارک   کے  دوران  سحروافطار  میں بجلی  کی  بلا تعطل فراہمی کا حکم

ملتان (خصوصی رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر رانا محمد ایوب خان نے جنوبی پنجاب میں رمضان المبارک کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے احکامات جاری کر دئیے ہیں اور کہا ہے کہ۔۔۔

 13اضلاع میں بابرکت مہینے میں سحر، افطار اور تراویح کے اوقات میں تسلسل کے ساتھ بجلی فراہمی کے انتظامات مکمل کئے جائیں۔ تمام علاقوں میں بجلی فراہم کرنے والے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کی پٹرولنگ کی جائے اگر کسی علاقہ میں فالٹ ہے تو اسے ایک ہفتے میں دور کیاجائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان المبارک کے دوران بجلی فراہمی کے سلسلہ میں متعلقہ چیف انجینئرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں قائم پاورکنٹرول سنٹر میں سٹاف اور افسران 24گھنٹے بجلی کی ترسیل کی مانیٹرنگ کریں گے اور کسی بھی علاقہ میں غیر ضروری بجلی کی بندش پر متعلقہ افسران اور سٹاف جوابدہ ہوں گے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے چیف انجینئر ٹی اینڈ جی سید جواد منصور شاہ کو ہدایت کی کہ ریجن بھر کے تمام گرڈسٹیشنوں میں پاور ٹرانسفارمرز کے لوڈ، کنٹرول رومز اور تنصیبات کا ازسر نو جائزہ لیاجائے اگر کسی پاور ٹرانسفارمر پر لوڈ زیادہ ہے تو فوری طورپر لوڈشفٹنگ کی جائے اور پاورٹرانسفارمرز کی استعدادکار میں اضافہ بھی کیاجائے ۔ رمضا ن المبارک میں گرڈسٹیشنوں کے سٹاف کو ہائی الرٹ کیاجائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں