عید کی آمد،ملتان شہر پر بھکاریوںکی یلغار،سرکاری ادارے نمٹنے میں ناکام

عید کی آمد،ملتان شہر پر بھکاریوںکی  یلغار،سرکاری ادارے نمٹنے میں ناکام

ملتان(خبرنگارخصوصی)رمضان المبارک، شہر میں پیشہ ور بھکاریوں کا راج، جنوبی پنجاب بھر سے گداگروں نے ملتان کا رخ کر لیا۔

 سرکاری ادارے بے بس ہو گئے ، گداگروں میں بڑی تعداد بچوں کی بھی شامل ہے ۔ ضلعی انتظامیہ یا دیگر سرکاری محکموں کی مناسب پالیسی نہ ہونے کے باعث گداگر مافیا نے ماہ صیام میں ملتان شہر کو یرغمال بنا لیا ہے ۔ مافیا کی جانب سے بڑی تعداد میں بچوں کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے ۔ جس کے تحت بازاروں، مارکیٹوں، شاپنگ مالز اور ہوٹلوں پر سینکڑوں کی تعداد میں کم عمر بچے بھیک مانگنے میں مصروف ہیں۔ اپنے دھندے کیلئے مافیا نے اپنے اپنے علاقے بانٹ رکھے ہیں، جو صبح کے وقت گاڑیوں پر بچوں کو اپنے مختص کردہ علاقوں میں چھوڑ دیتے ہیں جس سے گداگر بچوں کی تعداد میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے - گلیاں، بازار اور ٹریفک سگنلز کے علاوہ مساجد بھی پیشہ ور بھکاریوں کا گڑھ بن چکے ہیں۔ دوسری جانب چائلڈ پروٹیکشن بیورو روزانہ کی بنیاد پر انسداد گداگری مہم کے تحت بچوں کو تحویل میں لینے کا دعویٰ کرتا ہے مگر اس کے باوجود بچوں سے گداگری ختم ہونے کے بجائے بڑھتی جاری ہے ۔ ریلوے سٹیشن ہوں یا کسی بھی ہوٹل، ریسٹورنٹ پر کھانے پینے اور کسی دکان پر خریداری کے لیے جائیں تو ان پیشہ ور بھکاری بچوں، بڑوں کی ٹولیاں آپ کو گھیر لیتی ہیں جن سے جان چھڑانا نہایت مشکل ہوتا ہے ۔ تفریحی مقامات بھی ان کی دسترس سے محفوظ نہیں رہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں