پتنگ بازوں ، دھاتی ڈور تیار کرنیوالے کیخلاف مہم شروع

 پتنگ بازوں ، دھاتی ڈور تیار کرنیوالے کیخلاف مہم شروع

خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نامہ نگار) ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ پولیس نے پتنگ بازوں اور دھاتی ڈور تیار کرنے والوں کیخلاف طبل جنگ بجادیا۔۔

 اس سلسلہ میں شعور اجاگر کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور ڈی پی او رانا عمر فاروق کی زیر قیادت واک کا انعقاد کیا گیا-جس میں سکولوں،کالجز کے طلبہ،سول سوسائٹی، میڈیا، سرکاری افسران ملازمین نے شرکت کی-اس موقع پر پتنگ بازی بند کرو، طلباء کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔شرکاء نے پتنگیں پھاڑ کر مکروہ کھیل کے مکمل خاتمہ تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی خونیں کھیل،شہری خاتمہ کی جدوجہد میں ساتھ دیں کوئی ایک شخص بھی دھاتی ڈور کی وجہ سے جانبحق ہوا تو ذمہ دار سب ہونگے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون سے مہم کو کامیاب بنایا جائیگا،ڈی پی او رانا عمر فاروق نے کہا کہ پتنگ بازی پر ضلع میں ابتک 40 مقدمات کا اندراج کرادیا گیا ۔پتنگ بازی اور فروخت میں ملوث عناصر کے خاتمے تک کریک ڈاؤن جاری رکھاجائیگا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں