اضافی ٹیکسز سے چھوٹے تاجر عاجز آچکے ،خواجہ شفیق

اضافی ٹیکسز سے چھوٹے تاجر عاجز آچکے ،خواجہ شفیق

ملتان ( لیڈی رپورٹر ) چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق نے کہا ہے کہ حکمران اپنی عیاشیوں اور فضول خرچیوں پر کنٹرول کریں ہر ماہ دو تین بار بجلی،گیس اور پٹرول بم گرانے کی بجائے ایک ہی بار 25کروڑ عوام پر ایٹم بم گرا دیں ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران آٹو پارٹس و ڈیکوریشن رضا پلازہ ابدالی روڈ و انجمن تاجران ڈیکوریشن زینتھ پلازہ کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔ اجلاس میں بڑھتی مہنگائی بجلی گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ چھوٹا تاجر وں پر مختلف ٹیکسز میں اضافہ کی وجہ سے وہ زندگی سے عاجز آ چکے ہیں ۔اس پر مستہزاد یہ کہ پولیس کی نااہلی کی وجہ سے چور ڈاکو قاتل دندناتے پھررہے ہیں تھانے سماج دشمن عناصر کی پناہ گاہ بن چکے ہیں۔ کاروبار کرنا انتہائی مشکل بلکہ ناممکن ہو چکا ہے ۔خواجہ محمد شفیق،سیف اللہ شیخ، ساجد امام اور سعید اللہ شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہائیوں سے کاروبار کررہے ہیں اتنے پریشان نہیں ہوئے آج اپنے گھریلو اخراجات تو درکنار ملازمین کی تنخواہیں بجلی گیس پٹرول کے اخراجات پورے کرنا ناممکن ہو چکا ہے ۔غریب ملازمین محنت کش کسان اور چھوٹے تاجر خودکشیوں پر مجبور ہو رہے ہیں جبکہ حکمران ٹولہ اپنی عیاشیوں اور فضول خرچیوں میں مصروف نظر آتے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں