ویسٹ مینجمنٹ:گاڑیاں کھٹارہ،صفائی آپریشن ناکام

ویسٹ  مینجمنٹ:گاڑیاں  کھٹارہ،صفائی  آپریشن  ناکام

ملتان(خبرنگارخصوصی)سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا شہر میں بھرپور صفائی کا دعویٰ کھوکھلا نکلا، جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر لگ گئے اور مرمت کا کام بند ہونے کے باعث سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ورکشاپ بھی کھٹارہ گاڑیوں سے بھر گئی۔۔۔

کھٹارہ گاڑیاں نیلام کی جا سکیں اور نہ ہی نئی گاڑیاں خریدی جا سکیں، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی پالیسیاں شہریوں کے لئے اذیت کا باعث بن گئیں، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی صرف جمع خرچ ہے جس کی وجہ سے شہر میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔ گاڑیاں کھٹارہ ہونے کے باعث روزانہ کی بنیاد پر 1300 ٹن کوڑا اٹھانے کے بجائے صرف 700 ٹن ہی کوڑا اٹھایا جا رہا ہے جس سے گلی محلوں کے ساتھ شہر کی عام شاہراہوں پر بھی گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہریوں کو صفائی کا بہتر ماحول دینے میں ناکام ہو چکی ہے ، جس کی وجہ سے پیدا ہونے والے تعفن اور بیماریوں سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ نیو ملتان، گارڈن ٹائون، مل پھاٹک، قاسم بیلہ، گلگشت، اندرون شہر، سورج میانی، حسن پروانہ کالونی، ٹبی شیر خان، مسلم ٹائون اور دیگر علاقوں میں جگہ جگہ گندگی کے انبار لگ چکے ہیں۔ انتظامیہ کئی بار شہر کی صفائی کے دعوے کر چکی ہے لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسروں نے اپنی نااہلی سے صاف ستھرے علاقوں کو بھی کچرا کنڈی میں تبدیل کر دیا ہے جبکہ دوسری جانب صفائی آپریشن کے نام پر افسران بالا کو ‘‘سب اچھا ہے ’’ کی رپورٹ دی جا رہی ہے ۔ دریں اثناء شہریوں نے انتظامیہ کیخلاف شکایتوں کے انبار لگا دئیے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہر کو گندگی سے پاک کرنے کے بجائے گندگی ڈلوانے میں ملوث ہو چکے ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں