نشتر میڈیکل یو نیورسٹی ،غیر قانونی تقرریاں،ترقیاں ،وائس چانسلر طلب

نشتر میڈیکل یو نیورسٹی ،غیر قانونی تقرریاں،ترقیاں ،وائس چانسلر طلب

ملتان(لیڈی رپورٹر)نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں غیر قانونی تقرریاں اور خلاف ضابطہ ترقیاں وائس چانسلر کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا گیا۔ نشتر میڈیکل کالج ملتان میں کلرکوں اور سپرنٹنڈنٹس کی غیر قانونی اور خلاف ضابطہ ترقیوں کے حوالے انکوائری آج سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے دفتر میں ہو گی۔

 وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی کے نام جاری کئے گئے مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ نشتر میڈیکل کالج ملتان میں غیر قانونی اور خلاف ضابطہ ترقیوں اور تقرریوں کے حوالے انکوائری آج سوموار کو ہو گی جس میں ان کو ذاتی شنوائی کے لئے پیش ہونا ہے یا وہ خود یاکسی بھی متعلقہ افسر جو گریڈ 18 سے کم نہ ہو اسے اس انکوائری میں پیش ہونے کے لئے پابند کریں ،وہ صبح دس بجے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے دفتر میں پیش ہوں اور اس حوالے سے تمام ریکارڈ بھی ہمراہ لے کر آئیں ۔واضح رہے کہ نشتر میڈیکل کالج ملتان میں خلاف ضابطہ اور غیر قانونی طریقے سے ترقیاں اور تقرریاں کی گئیں تھیں جن میں سپرنٹنڈنٹ محمد قمر،ہیڈ کلرک اقبال،سینئر کلرک لقمان،اسسٹنٹ سعید اور اس سارے عمل کے مرکزی کردار وحید بوٹا شامل ہیں ۔ وحید بوٹا پر الزام ہے کہ وہ ان غیر قانونی ترقیوں اور تقرریوں میں پیش پیش رہے ، اس پر سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے انکوائری شروع کر رکھی ہے ۔ دوسری جانب اسی حوالے سے ایک درخواست سیکرٹری ہیلتھ پنجاب علی جان کو بھی بھجوائی جا چکی ہے اور قوی امکان ہے کہ ان کی جانب سے بھی جلد ہی انکوائری شروع کر دی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں