ڈینگی لاروا کی تلفی کیلئے سکریننگ اور سپرے کا سلسلہ تیز

 ڈینگی لاروا کی تلفی کیلئے سکریننگ اور سپرے کا سلسلہ تیز

ملتان (وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے۔

 ڈینگی کے تدارک کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ ضلع بھر میں ڈینگی لاروا کی تلفی کیلئے سکریننگ اور سپرے کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اچانک نشتر ہسپتال ڈینگی وارڈ کا دورہ کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ڈینگی وارڈ میں طبی سہولیات اور مریضوں کو فراہم ٹریٹمنٹ کی انسپکشن بھی کی۔ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر محمد کاظم نے ڈینگی وارڈ میں طبی سہولیات پر بریفننگ بھی دی۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے نشتر ہسپتال کے وارڈز کی اپ گریڈیشن اور مرمتی کام کا بھی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے ڈینگی پورٹل کو اپ ڈیٹ کرنے اور ڈینگی مریضوں کا مکمل ریکارڈ رکھنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ ضلع بھر میں ڈینگی وائرس کی روک تھام کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کی جائے انہوں نے کہا کہ نشتر سمیت تمام ہسپتالوں میں ڈینگی وارڈ مکمل فعال اور ادویات دستیاب ہیں۔ڈینگی سے بچنے کیلئے شہری ڈینگی سے بچاؤ کیلئے اپنے اردگرد کے ماحول کو خشک اور صاف رکھیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں