جنوبی پنجاب:سکولوں میں انرولمنٹ بڑھانے کیلئے پائلٹ پروجیکٹ لانچ

جنوبی  پنجاب:سکولوں  میں  انرولمنٹ  بڑھانے  کیلئے پائلٹ  پروجیکٹ  لانچ

ملتان(خصوصی رپورٹر)سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب نے ‘‘کوئی بچہ سکول سے باہر نہیں رہ جائے ’’ پروگرام کا پائلٹ پراجیکٹ لانچ کردیا ہے ۔پائلٹ پراجیکٹ کا افتتاح ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کیا۔

 گورنمنٹ ہائی سکول رنگیل پور میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں داخل ہونیوالے بچوں اور ان کے والدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔سیکرٹری سروسز انجینئر امجد شعیب خان ترین، سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر عبیدااللہ کھوکھر، ایڈیشنل سیکرٹریز محمد فاروق ڈوگر، خواجہ مظہرالحق اور سی ای او ایجوکیشن فیض احمد بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ‘‘ زیرو آوٹ آف سکول چلڈرن’’ کے نام سے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز جنوبی پنجاب کی 6 یونین کونسلوں میں کیا جارہا ہے اور اس کے لئے بہاولپور، لیہ اور ضلع ملتان سے دو دو یونین کونسلوں کا انتخاب کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ان یونین کونسلوں میں گھر گھر سروے کر کے سکولوں سے باہر رہ جانیوالے بچوں کا ڈیٹا حاصل کیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد اسے جنوبی پنجاب کی ہر یونین کونسل میں لاگو کیا جائے گا تاکہ شرح خواندگی میں سو فیصد اضافہ کیا جاسکے اور اس کے نتیجے میں خطے سے غربت کے خاتمہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس پراجیکٹ پر کوئی بجٹ یا اضافی فنڈز خرچ نہیں کئے جارہے ،سکول میں داخل ہونیوالے بچوں کو یونیفارم، بیگز اور سٹیشنری جائیکا(JICA) کی جانب سے فراہم کی جارہی ہے جبکہ یونیسف ہمارا چیف پارٹنر ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں