کسان کارڈ کی رجسٹریشن، فیلڈ فارمیشنز فعال ر ہیں،افتخار سہو

کسان کارڈ کی رجسٹریشن، فیلڈ فارمیشنز فعال ر ہیں،افتخار سہو

ملتان(وقائع نگار خصوصی) کسان کارڈ کی رجسٹریشن کے عمل میں فیلڈ فارمیشنز فعال اور عملی کردار ادا کریں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی اب تک 1 لاکھ 50 ہزار کا شتکار رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔

یہ بات سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے ایگریکلچر ہاؤس میں منعقدہ کسان کارڈ کی رجسٹریشن اور خریف سیزن کے دوران یوریا کھاد کی فراہمی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خریف سیزن کے لیے یوریا کھاد کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔صوبہ میں یوریا کی طلب کے مطابق رسد یقینی بنانے کے لیے وفاقی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب نے متعلقہ افسروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کھاد کی بلیک مارکیٹنگ اور ذخیرہ اندوزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔اگست کے آخر تک یوریا کی طلب عروج پر ہوگی۔یوریا کھاد کی مقرر کردہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے ۔تمام ڈیلرز کی دکانوں اور گوداموں کی جیو ٹیگنگ کی جائے ۔تمام فرٹیلائزر ڈیلرز کا ریکارڈ زراعت(توسیع) کے افسروں کے پاس موجود ہونا چاہیے ۔کل ڈیلرز، فعال اور غیر فعال ڈیلرز سمیت گھوسٹ ڈیلرز کی پوری معلومات کا ریکارڈ مرتب کیا جائے ۔گھوسٹ ڈیلرز کا 100 فیصد خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔کھاد کی فیکٹری سے ڈیلر کے گودام تک کھاد کی کل بوریوں کی ریکارڈ کے مطابق مکمل مانیٹرنگ کی جائے ۔یوریا کھاد کی مانیٹرنگ کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے ایک موبائل ایپ متعارف کرائی جا رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں