بجلی چوروں کیخلاف بارڈر ملٹری پولیس متحرک

بجلی  چوروں  کیخلاف  بارڈر ملٹری  پولیس  متحرک

ملتان(خصوصی رپورٹر) میپکو نے بجلی چوروں کیخلاف ایف آئی اے کے بعد بارڈرملٹری پولیس کی خدمات بھی حاصل کرلیں ، دو بستیوں میں آپریشن ، ملتان اور بہاولپور میں بھی بجلی چور پکڑے گئے ۔

ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر ناصر ایاز خان گرمانی کی ہدایت پر میپکو ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف آپریشن جاری ہے میپکو حکام نے اس آپریشن میں ایف آئی اے کے بعد قبائلی علاقوں میں کارروائی کیلئے بارڈر ملٹری پولیس کی خدمات بھی حاصل کر لیں فورٹ منرو میں بارڈر ملٹری پولیس کے ہمراہ بجلی چوروں کیخلاف آپریشن کیا گیا۔بستی جمعہ اور بستی دابک میں بجلی چور جدید اے بی سی کیبل میں ٹمپرنگ کر کے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ۔ٹیم نے بی ایم پی فورس کی موجودگی میں تار اتار کر قبضہ میں لے لئے ۔ کمیر سب ڈویژن پاکپتن میں ایک زرعی ٹیوب ویل پر ڈائریکٹ تار سے بجلی چوری پکڑی گئی۔ سخی سرور میں سٹون کرشنگ کرنیوالے نادہندگان کیخلاف آپریشن کیا گیا 11 لاکھ روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 2 سٹون کرشرز کی بجلی منقطع، 4ڈیفالٹرز نے 5 لاکھ 33 ہزار روپے کے بجلی بل ادا کر دئیے۔ایک خفیہ اطلاع پر میپکو ٹیم نے قصبہ مڑل سب ڈویژن ملتان کے علاقہ میں ایک زرعی ٹیوب ویل پر بجلی چوری پکڑ لی ۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو سرکل امجد نوازبھٹی کی سربراہی میں ایس ڈی او اے ٹی بی ملتان سرکل رانا عمران، لائن سپریٹنڈنٹس علی اصغر اور حاجی عدنان پر مشتمل ٹیم نے قصبہ مڑل سب ڈویژن کے علاقہ چک 21/MRبستی رد میں حبیب احمد کے نام سے نصب زرعی ٹیوب ویل کنکشن اکائونٹ کو چیک کیا توڈائریکٹ تار لگاکر بجلی چوری کی جارہی تھی اور موقع پر 27 کلوواٹ لوڈ چل رہا تھا ٹیم نے موقع سے شواہد اکٹھے کئے اور بجلی چوری میں استعمال ہونیوالے تار اتارلئے واضح رہے کہ مذکورہ زرعی ٹیوب ویل صارف354883 روپے واجبات کا نادہندہ ہے اور واجبات کی عدم ادائیگی پر کنکشن پہلے ہی منقطع ہے ۔ ٹیم نے ٹیوب ویل کنکشن پر تقریباََساڑھے 4لاکھ روپے جرمانہ عائد کیاہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں