ترقیاتی کام ادھورے،پارک کھنڈرات میں تبدیل،سہولیات ناپید

ترقیاتی  کام ادھورے،پارک کھنڈرات  میں  تبدیل،سہولیات  ناپید

ملتان(شفقت بھٹہ)پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کی نااہلی اور ترقیاتی کاموں کی رفتار سست ہونے کی وجہ سے ملتان کے شہریوں کی سستی تفریح گاہ پارک کھنڈر بن گئے ہیں، پارکوں میں جھولے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔۔۔

 سوکھی کھاس، مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث ملتان کی تفریح گاہیں ویرانی کا منظر پیش کررہی ہیں۔ ملتان شہر کے بڑے پارک شاہ شمس پارک، قاسم پارک، جناح پارک سمیت تمام چھوٹے بڑے پارک پی ایچ اے کی بے حسی کا رونا رو رہے ہیں جبکہ پی ایچ اے حکام ‘‘سب اچھا ہے ’’ کی رپورٹ دے رہے ہیں اور آئے روز میڈیا کی زینت بننے کے لئے تصویریں بنوا کر اپنی جھوٹی کارکردگی پیش کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ پی ایچ اے حکام کی غفلت کے باعث جناح پارک اجڑ چکا ہے جس سے شہریوں کی یہ تفریح گاہ اب کتوں کا مسکن بن چکی ہے اور جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں، پارک میں گھاس کے بجائے ہر طرف چٹیل میدان نظر آتے ہیں۔ اسی طرح شاہ شمس پارک بھی کھنڈر کا منظر پیش کررہا ہے ، پارک میں جھولے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، سوکھی جھیل، ٹوٹی کشتیاں، مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث یہ تفریح گاہ ویرانی کا منظر پیش کررہی ہے جبکہ یہاں آنیوالے بچے بڑے سب ہی شکوہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ پارک کے سکریپ اور کاٹے گئے درختوں کی لکڑی کی غیر قانونی فروخت کی بھی شکایات بھی منظر عام پر آ چکی ہیں۔ جھیل کے علاوہ اس پارک میں موجود دیگر تفریح گاہیں بھی تباہی کے دہانے پر ہیں جو انتظامیہ کی توجہ کی منتظر ہیں۔ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کی مبینہ غفلت کے باعث لاکھوں روپے مالیت کی لکڑی چوری ہو چکی ہے جبکہ پارک کے جھولے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں