ردا فورس کے لیے لیڈیز پولیس میں نئی بائیکس تقسیم

وہاڑی(نمائندہ خصوصی)چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے ردا فورس کے لیے نئی بائیکس لیڈیز پولیس کو دینے کے لیے تقریب کا انعقاد۔
بانی صدر حافظ محمود احمد شاد نے ردا فورس کو وقت کا تقاضا قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین میں سکیورٹی کا شعور بڑھے گا، وہ خود کو مضبوط سمجھیں گی ،باقی بچیوں کے خیالات بھی تبدیل ہوں گے جو سکول، کالج یا بازاروں میں جاتی ہیں۔ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر روبینہ عباس نے خواتین کے لئے جاری منصوبوں کے حوالے سے ورکنگ اور دائرہ اختیار پر بریفنگ دی۔ڈی پی او وہاڑی منصور امان نے کہا کہ خواتین کو روڈ پر احساس تحفظ فراہم کرنے کیلئے یہ اپنی نوعیت کا پہلا اور واحد سکواڈ ہے ، یہ فورس مکمل طور پر تربیت یافتہ ہے ، کسی بھی مشکوک سرگرمی کو روک سکتی ہے ، سرچ ، چیک ، گرفتاری کر سکتی ہیں،بازاروں، سکولوں اور کالجوں کے سامنے چھٹی کے ٹائم پر نظر آئیں گی، ردا فورس میں پڑھی لکھی لیڈیز پولیس کوجدید اسلحہ، بائیکس اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ٹریننگ دی گئی ہے ۔ چیمبر کے سینئر ممبران نے وہاڑی، میلسی اور بوریوالا میں ٹریفک مسائل سے آگاہ کیا اور کمیونٹی پالیسنگ کے حوالے سے اپنی تجاویز دیں جس پر ڈی پی او وہاڑی منصور امان نے کہا کہ10محرم الحرام کے فوری بعد تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر چیمبر کے آفس میں ہی ایک میٹنگ ہوگی ۔جس میں ٹریفک کے بارے میں ایک جامع پلان ترتیب دیا جائے گا ۔