میٹر انسپکٹر کی من مانیاں،چھوٹے دکانداروں کو بھاری بل
وہاڑی(نمائندہ دنیا)ذاتی تنازعہ کی لڑائی کا غصہ میٹر انسپکٹر نے غریب چھوٹے دکانداروں پر نکال دیا۔ گھریلو دکانوں کو کمرشل کرکے ہزاروں روپے کا بل بھجوادیا علاقہ مکینوں کا احتجاج ایس ای میپکو سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیل کے مطابق 69 ڈبلیوبی کا رہائشی میٹر انسپکٹر محمد اکرم جس کے اپنے ہی علاقہ کے افراد کے ساتھ احاطے کا تنازعہ چل رہا ہے دیہی علاقے کے لوگوں نے پنچایتی طور پر میٹر انسپکٹر محمد اکرم کو جھوٹا ثابت کیا جس پر میٹر انسپکٹر طیش میں آگیا اور علاقہ مکینوں سے لڑنے کی بجائے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے 69 ڈبلیوبی میں گھروں میں قائم چھوٹی دکانوں کو کمرشل کرواکر ہزاروں روپے کا بل بھجوادیا فیصل ٹاون وہاڑی سے ملحقہ فیڈر کے غریب مکین ہزاروں روپے کے بل دیکھ کر سکتے میں پڑ گئے اور فوری بلوں کی درستگی بارے واپڈا آفس گئے تو متعلقہ میٹر انسپکٹر نے اپنے افسروں اور دیگر سٹاف کو انکے بل درست کرنے سے صاف انکار کردیا یوں غریب دوکانداروں سے دو وقت کی روٹی کمانے کا ذریعہ بھی چھین لیا علاقہ مکین دکاندار عامر شہزاد،محمد عباس،غفار،حاجی منیر،ماسٹر سلیم،قمر،اکبر علی،صابر حسین،محمد یاسین،رضوان،محمد امین،ارشد،محمد اسلم،رفیق اور برکت علی نے میٹر انسپکٹر محمد اکرم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ پورے ملک میں دیہی سطح پر قائم چھوٹی دکانوں کو کمرشل کرنے کی مثال موجود نہیں ہے مگر وہاڑی میں 69 ڈبلیوبی میں یہ مثال بھی قائم کردی ہے ۔