حکمرانوں کی چیرہ دستیوں سے عوام پس گئے ،خواجہ شفیق

حکمرانوں کی چیرہ دستیوں سے عوام پس گئے ،خواجہ شفیق

ملتان (لیڈی رپورٹر) بجلی، گیس، پٹرول، آٹااور ادویات کی قیمتوں میں ہو شربا ء اضافہ کے خلاف مرکزی انجمن تاجران ٹمبر مارکیٹ اور چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان کی جانب سے 23جولائی منگل کو 10.30صبح ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ ٹمبر مارکیٹ وہاڑی روڈ پر منعقد ہو گا۔

 جو دوپہر 12بجے اختتام پذیر ہو گا ۔اس سلسلہ میں گزشتہ روز چوک شاہ عباس،ٹمبر مارکیٹ،وہاڑی روڈ کی 15تاجر تنظیموں کا مشترکہ اجلاس چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد شفیق نے کہا کہ ظالم حکمرانوں کی چیرہ دستیوں کی وجہ سے چھوٹا تاجر، مزدور،محنت کش،کم تنخواہ یافتہ طبقہ، ملازمین،رکشہ ڈرائیور،خوانچہ فروش اور چھوٹا کاشتکار زندہ درگو ہو چکا ہے غریب عوام کی حالت زار دیکھی نہیں جا سکتی ۔لوگ اپنے بچوں کو بیچ رہے ہیں خودکشیوں پر مجبور ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکمران ٹولہ لوٹ مار اور عیاشیوں میں نظر آتا ہے ان حالات میں تاجروں کی جانب سے آواز نہ اٹھانا مجرمانہ غفلت ہو گی اللہ تعالی بھی اپنی مخلوق کے حوالہ سے ہماری اس غفلت کو معاف نہیں فرمائیں گے ہمیں یہ عہد کرنا ہو گا نتائج کچھ بھی ہوں ہمیں ظلم اور جبر بربریت کا راستہ روکنا ہو گا۔ اپنے اور قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہو گا شرکاء اجلاس نے مرکزی انجمن تاجران ٹمبر مارکیٹ کے صدر حافظ محمد صادق اور بزرگ تاجر رہنما خواجہ محمد شفیق کو یقین دلایا کہ انشاء اللہ ہم اس احتجاج کو کامیاب کرائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں