آشوب چشم کے مریض بڑھنے لگے ، 40افراد شدید متاثر
ملتان (لیڈی رپورٹر) ملتان سمیت پنجاب بھر میں آنکھوں کے مرض آشوب چشم(پنک آئی ٬ایڈینو وائرس) کے مرض میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اس حوالے سے نشتر ہسپتال کے شعبہ امراض چشم کے سربراہ و پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راو نے بتایا کہ نشتر ہسپتال کے شعبہ امراض چشم آوٹ ڈور میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران آشوب چشم سے متاثرہ 40 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
جن میں 12 مرد، 14خواتین اور 14 بچے شامل ہیں انہوں نے بتایا اس مرض میں زیادہ تر مریضوں کو صرف احتیاطی تدابیر اور علاج تجویز کر کے واپس بھیج دیا جاتا ہے ،آشوب چشم ( پنک آئی) آنکھوں کی ایک متعدی بیماری ہے ،یہ عام طور پر گرم مرطوب موسم میں پھیلتی ہے ، علامات میں آنکھوں کا سرخ ہو جانا، جلن ، چبھن، درد اور خارش کا ہونا اور آنکھوں سے پانی نکلنا شامل ہیں آشوب چشم کا مرض عمومی طور پر 8 سے 10 روز میں بغیر کسی علاج کے خود بخود ٹھیک ہو جاتا ہے تاہم احتیاطی تدابیر لازمی اپناتے ہوئے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں، وبا کے دنوں میں ہجوم والے مقامات پر جانے سے گریز کریں، گھر کا کوئی فرد آشوب چشم میں مبتلا ہو تو اسکو آئی سو لیٹ کر کے کپڑے تولیہ وغیرہ الگ کر دیں، تیز دھوپ گردوغبار سے آنکھوں کو بچائیں،آنکھوں کو بار بار چھونے سے پرہیز کریں اگر چھو لیں تو صابن سے ہاتھ دھوئیں، مریض کے استعمال شدہ ٹشو پیپر اور روئی وغیرہ کو جلا دیں یا مٹی میں دبا دیں۔