سوئی ناردرن کا ایکشن ،8میٹر منقطع،40ہزار ریکور
ملتان(خصوصی رپورٹر) سوئی ناردرن گیس یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس ملتان کی جنرل منیجر کی ہدایات پر روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری، آٹھ میٹر منقطع، چالیس ہزار روپے کی ریکوری اور آٹھ ایکسٹینشن اتروا دیں۔
تفصیلات کے مطابق ملتان شہر میں کمپریسر استعمال کا سلسلہ کم تو ہوا ہے مگر ختم نہیں ہوا، شہری کی کمپلینٹ پر ایک صارف کو رنگے ہاتھوں کمپریسر استعمال کرتے ہوئے پکڑ لیا، موقع پر میٹر منقطع کردیا گیا ۔جس کی وجہ علاقہ کے پریشر میں بہتری آگئی ہے ، ایک اور کیس میں ایک صارف نے اپنا میٹر الٹا لگایا ہوا تھا جس کی وجہ سے اسکا پچھلے دو ماہ کا استعمال زیرو تھا حالانکہ اصل میں اسکا استعمال تھا، اس کا میٹر منقطع کرکے مزید محکمانہ کارروائی کی سفارش کردی گئی، شہر کے مختلف علاقوں سے چھ صارفین کے میٹر سروس سے دور پائے گئے جس کی وجہ سے کمپنی UFG کی مد میں نقصان کا سامنا تھا، اس لئے ان صارفین کے میٹر منقطع کرکے انہیں اپنی فٹنگ سروس پوائنٹ پر کرنے کا احکامات جاری کر دیئے گئے اور میٹروں کو مزید محکمانہ کارروائی کے لئے لیبارٹری بھجوا دیا گیا۔