کرپشن میں پولیس سر فہرست،رجسٹری برانچ،لینڈ ریکارڈ کا دوسرا نمبر

کرپشن میں پولیس سر فہرست،رجسٹری برانچ،لینڈ ریکارڈ کا دوسرا نمبر

ملتان( نعمان خان بابر سے ) محکمہ اینٹی کرپشن میں شکایات کے حوالے سے پولیس سر فہرست، رجسٹری برانچ اور لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا دوسرا نمبر۔ کرپشن مافیا کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کے لیے پلانٹڈ ریڈ کرنا بھی مجبوری تاہم ٹاؤٹ مافیا کا داخلہ بند کر دیا اور گزشتہ دو ماہ میں مختلف محکموں کیخلاف چا ر سو دس شکایات موصول ہوئیں ۔

دو سو نواسی کے فیصلے کیے جبکہ تہتر کی انکوائری شروع کر کے چھیالیس کو ڈسپوز آف کر دیا تاہم 20 ملزموں کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے کی ریکوری بھی کی جس سے محکمے کی ساکھ بھی کافی حد تک بہتر ہوئی ہے ۔ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بشارت نبی کی روز نامہ دنیا سے گفتگو تفصیل کے مطابق ملتان میں محکمہ اینٹی کرپشن کو گزشتہ دو ماہ میں مختلف محکموں کے خلاف 410 شکایات موصول ہوئیں جن میں پولیس سر فہرست ہے جبکہ لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور رجسٹری برانچ دوسرے نمبر پر ہیں تاہم دیگر صوبائی محکموں کیخلاف بھی شکایات کی شرح کافی زیادہ ہے ۔ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بشارت نبی نے روز نامہ دنیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ محکمے کو متعدد بار شکایات کرنے والے ٹاؤٹ مافیا پر چیک اینڈ بیلنس بڑھا کر دفاتر میں داخلہ بند کر دیا ہے اور محکمے میں موجود متعدد کالی بھیڑوں کو بھی شوکاز جاری کیے جا رہے ہیں جس سے میرٹ پر ریڈ کرنے جیسے اقدام کو ترجیح دی جا رہی ہے ۔ دفاتر میں کھلی کچہری لگانے کے احکامات دئیے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں