محکمہ سکولز،سکیورٹی گارڈز کو مستقل نہ کرنے کا فیصلہ
ملتان(خصوصی رپورٹر)محکمہ سکولز کا سکیورٹی گارڈز کو مستقل نہ کرنے کافیصلہ ، ریگولر ہونے والوں کی تعیناتی کے احکامات منسو خ کردیئے گئے تفصیل کے مطابق محکمہ سکولز نے سکیورٹی گارڈز کو مستقل نہ کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔
جاری مراسلے میں کہاگیاہے کہ پنجاب ریگولرائزیشن آف سروس ایکٹ 2018 کے تحت سکول گارڈز کو ریگولرائز نہیں کیا جا سکتا،جس کے بعد گذشتہ برس احکامات جاری کئے گئے تھے کہ اگرکسی اتھارٹیز نے سکولوں کے گارڈز کومستقل کیا ہے تواس کومنسوخ کردیا جائے مگر ایسا نہیں ہوا جس کی وجہ سے دیگر گارڈز نے عدالتوں کورخ کرلیا اور ان کیسز کوبطور ثبوت پیش کیا جس کی وجہ سے محکمہ کو قانونی کارروائی کاسامنا کرنا پڑرہا ہے ، تمام سی ای اوز کو ہدایت کی جاتی ہے مجاز حکام کو سکول گارڈز کے ریگولرائزیشن کے احکامات کو فوری طور پر واپس لینے کا پابند کیا جائے ۔ مزید برآں، پیڈا ایکٹ، 2006 کے تحت متعلقہ سکول گارڈز کے مجاز اتھارٹی کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے جنہوں نے اس سلسلے میں پالیسی جاری ہونے کے باوجود ڈیڑھ سال میں ریگولرائزیشن کے احکامات واپس نہیں لئے ہیں۔ دوسری طرف ذرائع کاکہنا ہے کہ صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں سکیورٹی گارڈز کی قلت برقرارہے مالی یا چوکیدار ہی سکیورٹی گارڈز کے فرائض سرانجام دینے پر مجبور ہیں۔