ٹریفک قوانین پرعمل کیلئے مہم شروع ،چنگ چی رکشوں پر پابندیاں نا فذ
ملتان (وقائع نگار خصوصی )ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی مطابق روڈ سیفٹی آف سٹوڈنٹس کے حوالہ سے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔
اس سلسلے میں ایکسل لوڈ مینجمنٹ اور چنگ چی رکشوں کے خلاف پابندی کا نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز طلبائکی روڈ سیفٹی بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری آر ٹی اے محسن نثار نے اس حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی ۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر روڈ سیفٹی بارے آگاہی فراہم کرنے کا عمل جاری ہے ۔سٹوڈنٹس کی قیمتی جانوں کو بچانے کیلئے کالجز اور سکولوں کی ٹرانسپورٹ کو چیک کیا جائے گا جبکہ ڈرائیورز کو بھی ٹریفک رولز کا پابند بنایا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہیلمٹ کے استعمال کو لازم قرار دیا جائے اور تعلیمی اداروں میں طلبا کو روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے اس سلسلے میں اٹھارہ سال سے کم عمر کے نوجوانوں کے بائیک چلانے پر پابندی بھی عائد کی جائے ۔ علاوہ ازیں رکشہ جات چلانے والے نو جوانوں کے رکشہ جات کی پاسنگ اور نمبر لازمی لگا ہونا چاہئے خلاف ورزی کی صورت میں اسکے رکشہ جات کو بند کر دیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے گزشتہ روز گورنمنٹ مسلم گرلز ہائی سکول کلمہ چوک کا اچانک دورہ کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے طالبات کو فراہم سہولیات کا جائزہ لیا اور کلاس رومزکی انسپیکشن بھی کی۔