سلمان رفیق کی زیر صدارت نشتر یونیورسٹی کا سینڈیکیٹ اجلاس
ملتان(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے 15 ویں سینڈیکیٹ اجلاس کا انعقاد کیا گیا ،رجسٹرار یونیورسٹی نے سینڈیکیٹ اجلاس میں ایجنڈا کے مندرجات پیش کئے ۔
سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے فارمیسی کالج میں پروفیسر، ایسوسی پروفیسر و دیگر نئی پوسٹوں کی منظوری دے دی گئی جبکہ اجلاس کے دوران نشتر میڈیکل یونیورسٹی کو نشتر ہسپتال ٹو میں یوزر چارجز کو اختیار کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔ادھر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی جبکہ اجلاس سے متعلق نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال انتظامیہ نے اپنے تعینات کردہ میڈیا ترجمانوں تک کو ہمیشہ کی طرح لاعلم رکھا جبکہ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ایک مرتبہ پھر تیاری کر کے نہ آنے پر انتظامی افسروں پر برہمی کا اظہار کیا اور ایک مرتبہ پھر 30 ستمبر تک اجلاس ملتوی کر دیا گیا جس میں مالی امور سے متعلق منظوری لی جائیگی جبکہ اجلاس کے دوران فیسوں میں اضافے پر کافی دیر بحث ہوتی رہی اسی طرح ممبر سینڈیکیٹ شاہسوار نے سینڈیکیٹ/ بی او ایم کے عہدوں پر تعینات تمام ملازمین کو ملازمت سے ہٹانے کی تجویز دی جس پر دیگر سینڈیکیٹ اراکین نے بتایا کہ نشتر ہسپتال میں مختلف کیڈرز کے 225 مختلف ملازمین جن میں نرسز ، سکیورٹی عملہ، کمپیوٹر آپریٹرز اور اکاؤنٹس کا عملہ شامل ہے 22 سال سے کام کر رہے ہیں وہ نشتر کے خلاف عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں۔