جنوبی پنجاب:ارجنٹ میل سروس پلس کا آغاز
ملتان (لیڈی رپورٹر)پاکستان پوسٹ عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ مواصلات کی جدید ترین سہولیات فراہم کر رہا ہے ۔
ڈاک کی فوری تقسیم کے لیے ارجنٹ میل سروس پلس کا آج سے جنوبی پنجاب کی سطح پر آغاز کرنے کی تقریب ملتان جی پی او میں منعقد ہوئی۔ اس سروس کے ذریعے آرٹیکل کی دوسرے دن تقسیم یقینی بنائی جائے گی۔ اس سروس کا ملتان جی پی او میں افتتاح ملک انوار احمد پوسٹ ماسٹر جنرل سینٹرل پنجاب سرکل لاہور نے کیا۔تقریب میں جنوبی پنجاب سرکل ملتان کے پوسٹ ماسٹر جنرل ظہیر اللہ خٹک، جاوید محمود بھٹی ڈائریکٹر وفاقی محتسب ملتان، محمود خان مہے ، ڈاکٹر طارق انصاری ، رائے سیف اللہ ، عارف خان نیازی ،عبدالرئوف خان ، محمد اسحاق بلوچ ، شاہد یوسف ، ریحان ابراہیم احمد شریک تھے ۔ انوار ملک پوسٹ ماسٹر جنرل سینٹرل پنجاب سرکل لاہور اور ظہیر اللہ خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا یو ایم ایس پلس کی سروس جنوبی پنجاب کے جنرل پوسٹ آفسز ملتان مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان ،ساہیوال ،رحیم یار خان، لیہ، بہاولپور، بہاول نگر، وہاڑی، خانیوال، راجن پور، لودھراں، پاک پتن کے علاوہ تحصیل کی سطح پر پوسٹ آفسز میں یہ سہولت موجود ہوگی۔ محکمہ ڈاک کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور محکمہ کو ڈیجیٹلائز کر کے کارکردگی کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے ۔