مٹی و ریٹ سے لدی بغیر ترپال ٹریکٹر ٹرالیاں وبال جان
کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر،نامہ نگار)ضلع بھر کی سڑکوں پر مٹی و ریٹ سے لدی بغیر ترپال ٹریکٹر ٹرالیا ں وبال جان بن گئیں،شہریوں کا گزرنا محال،ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی،ریت اور مٹی کی ٹریکٹر ٹرالیاں آلودگی پھیلانے سمیت حادثات کا سبب بننے لگیں۔۔۔
ارباب اختیار سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق کوٹ ادو ضلع بھر میں اور باالخصوص تحصیل کوٹ ادومیں مٹی و ریت سے لدی بغیر ترپال ٹرالیوں کا راج ہے جس کے باعث سڑکوں پر لوگوں کا گزرنا محال ہوچکاہے ،ایک تو سڑکیں انتہائی کم چوڑی ہیں ،دوسرا ٹرالی والے دوسرے لوگوں کو راستہ دینے کی زحمت بھی نہیں کرتے ،ترپال نہ ڈالنے کی وجہ سے مٹی و ریت سڑکوں پر گرنے سے گزرنے والوں کی آنکھوں میں پڑتی ہے جس کے باعث موٹر سائیکل سواروں کے ابتک کئی حادثات ہو چکے ہیں۔ ،آگاہ کرنے کے باوجود ضلعی انتظامیہ کارروائی سے گریزاں ہے ۔متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ ترپال سے ڈھانپے بغیرمٹی وریت سے لدی ٹریکٹر ٹرالی والوں نے جینا عذاب بنا دیا ہے ،یہ ٹریکٹر ٹرالیاں ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ ساتھ حادثات کا سبب بن رہی ہیں جبکہ اوورلوڈنگ کے باعث سڑکوں پر گرنے والی مٹی اور ریت بھی گردوغبار اور ماحولیاتی آلودگی پیداکرتی ہے ،متعدد ڈرائیور نو عمر لڑکے ہوتے ہیں جو انتہائی تیز رفتاری سے چلاتے ہیں،ڈپٹی کمشنر فور ی صورتحال کا نوٹس لیکر کارروائی کریں۔