گرین ٹریکٹر سکیم کیلئے 30ارب روپے مختص، عاشق کرمانی

گرین ٹریکٹر سکیم کیلئے 30ارب روپے مختص، عاشق کرمانی

ملتان(وقائع نگار خصوصی)حکومت پنجاب نے وزیر اعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کیلئے 30 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے ۔اس سے قبل کاشتکاروں کو ٹریکٹرز پر ا تنی بڑی سبسڈی فراہم نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خواہش ہے کہ ٹریکٹرز کی لوکل مینوفیکچرنگ انڈسٹری فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فی ٹریکٹر 10سے 15 فیصد قیمت میں کاشتکاروں کو رعایت فراہم کرے ۔اس اقدام سے زرعی میکانائزیشن اور ٹریکٹر مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو فروغ ملے گا اور مقامی ٹریکٹر انڈسٹری پر کاشتکاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے ایگریکلچر ہاؤس میں منعقدہ ٹریکٹر انڈسٹری کے نمائندگان سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس سکیم کے تحت 1 سے 50 ایکڑ زرعی اراضی کے مالکان کو اپنی پسند کے مطابق 50 تا85 ہارس پاور کے ٹریکٹرز 10 لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی پر فراہم کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ کسانوں کو ٹریکٹرز کی ڈلیوری تک کا تمام سسٹم میکنائزڈ ہو گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن کے مطابق کہ اس سکیم کو بڑے پیمانے پر لانچ کیا جارہا ہے ۔ ٹریکٹر کی خرید کے سلسلے میں کاشتکار کو آپشن دیا جائیگا کہ وہ جس مرضی کمپنی کا ٹریکٹر خریدے ۔ گرین ٹریکٹر کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں