بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈائون،56صارف پکڑمیں آگئے
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی( میپکو )شاہ رکن عالم ، جہانیاں اور لیاقت پور ڈویژنوں کے ٹف ایریاز میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا گیا ۔
جوائنٹ آپریشن میں میپکو افسروں اور رینجرز کمانڈر کی سربراہی میں میپکو ٹیموں، رینجرز اور پولیس فورس نے حصہ لیا ۔ جہانیاں کے مختلف چکوک میں 3کروڑ 30 لاکھ روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 12 زرعی ٹیوب ویلوں کی بجلی منقطع کر دی ۔بجلی چوری پر شاہ رکن عالم ملتان، جہانیاں سیکنڈ اور لیاقت پور کے علاقوں میں56 افراد پکڑے گئے ۔ شاہ رکن عالم میں11 بجلی چوروں کو23 لاکھ 65 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔میٹر ریورس کرکے ، ڈائریکٹ تار اور میٹرز میں خرابیاں کرکے بجلی چوروں کے خلاف تھانہ ایف آئی اے میں مقدمات درج کروا دئیے گئے ۔سپرنٹنڈنگ انجینئر میپکو آپریشن سرکل ملتان سرکل امجدنوازبھٹی ، ایکسین شاہ رکن عالم ڈویژن محمد علی یاسر کی زیرنگرانی ایس ڈی او شاہ رکن عالم سب ڈویژن ملتان محمد عارف سیال کی سربراہی میں ٹیم نے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کیا۔جس میں 11افراد کو ڈیجیٹل میٹرز ریورس ، ٹرمینل میں لوپ سسٹم لگاکر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا ۔ بجلی چور بھاری لوڈ استعمال کرکے خزانے کو نقصان پہنچارہے تھے ۔ ٹیم نے موقع سے میٹرز اور تار اُتارکر قبضہ میں لے لیں ۔ایس ڈی او شاہ رکن عالم سب ڈویژن نے ایف آئی اے پولیس سٹیشن میں بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کروادئیے اور انہیں مجموعی طورپر 23 لاکھ 65 ہزارروپے جرمانہ عائد کیاگیا۔