’’دلکش ملتان‘‘ منصوبہ پرکام تیز کرنیکا حکم
ملتان(وقائع نگار خصوصی)ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی کی زیر صدارت ملتان بیوٹی فکیشن پلان اور ‘‘دلکش ملتان’’ کے منصوبوں پر پیش رفت اور مزارات کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکرٹری سروسز ساوتھ پنجاب انجینئر امجد شعیب خان ترین، ڈی جی ایم اے رانا سلیم احمد خان، سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر،ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو، ڈی جی پی ایچ اے آصف رئوف خان اور اوقاف، میونسپل کارپوریشن، بلڈنگ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسروں نے شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان صدیوں سے آباد تاریخی شہر اور اولیائے کرام کی دھرتی ہے اور روزانہ ہزاروں عقیدت مند اپنی رو حانی تسکین کے لئے ملتان کا رخ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی مقامات، ثقافتی ورثے اور مزارات کی اصل حالت میں بحالی اور خوبصورتی کو برقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مزارات کے احاطے میں قبریں بنانا غیر قانونی ہے ، انہوں نے محکمہ اوقاف کو ہدایت کی کہ اس اقدام کو روکا جائے ۔ فواد ہاشم ربانی نے دربار حضرت موسیٰ پاک شہید کی سکیورٹی بہتر بنانے اور تجاوزات کے خاتمہ کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں کھیلے جانیوالے بین الاقوامی کرکٹ میچ دیکھنے کے لئے شائقین کرکٹ اور سیاحوں کی آمد کے پیش نظر قلعہ کہنہ قاسم باغ اور دمدمہ کی مثالی صفائی کی جائے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے شاہین مارکیٹ اور گھنٹہ گھر میں تعمیر کئے گئے سرکاری پلازوں کے الاٹیز کی لسٹ بھی طلب کر لی ہے ۔