خانیوال،گداگروں کی شہر پر یلغار، وارداتیں معمول
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نامہ نگار)ریلوے سٹیشن، لاری اڈا، پارکس، مین بازاروں اور شہر کے چھوٹی بڑی سڑکیں چوک چوراہوں پر پیشہ ور بھکاریوں سے محفوظ نہ رہ سکے۔
، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں بھی زبانی جمع خرچ تک محدودہو کر رہ گئیں جبکہ کسی بھی چوک چوراہے یا پبلک مقامات پر پہنچیں تو بھکاریوں کی لائنیں معمول بن گئیں، بھکاریوں کی ٹولیاں گاڑیوں، موٹر سائیکل سواروں اور خریداروں سے وارداتیں کرتی نظر آتی ہیں ، مرد و خواتین، حتیٰ کے بچے بھی شہریوں سے زبردستی بھیک مانگنا اپنا قانونی حق سمجھنے لگے ، گداگر گاڑیوں کی کھڑکیاں کھٹکھٹا کر دھونس بھی جماتے دکھائی دیتے ہیں۔ جن سے شہریوں کو جان چھڑانا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہو جاتا ہے ۔ذرائع کے مطابق بھکاری ایک مافیا کا روپ دھار چکا ہے ۔ گداگروں نے بھیک مانگنے کے لیے اندرون شہر اور ملحقہ آبادیوں میں اپنے اپنے علاقے اور حدود بانٹ رکھی ہیں ۔شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بھکاریوں کے خلاف کوئی بھی محکمہ کارروائی کرنے کے لئے تیار نہیں جس کیوجہ سے بھیک مانگنے والے بھکاریوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے ، شہریوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، سے مطالبہ کیاہے کہ اندرون شہر بھیک مانگنے والے بھکاریوں کے خلاف گدا گری ایکٹ کے تحت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں ۔