آلودگی، سموگ پھیلانے والے عناصر کیخلاف کارروائی کا حکم

آلودگی، سموگ پھیلانے والے عناصر کیخلاف کارروائی کا حکم

لودھراں( ڈسٹرکٹ رپورٹر ، سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عبدالرؤف مہر کی زیر صدارت انسدادِ سموگ کے حوالے سے خصوصی اجلاس کا انعقاد ہوا ،انسدادِ سموگ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس لودھراں کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا ۔

 اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لودھراں نے تمام محکموں کے افسران کو ماحولیاتی آلودگی اورسموگ کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کا حکم دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لودھراں کی جانب سے انسدادِ سموگ کا باعث بننے والے عناصر اور عوامل بارے آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے اور دیہی علاقوں میں عوامی شعور اجاگر کرنے کیلئے مساجد میں بھی اعلانات کروائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سموگ بارے عوامی شعور و آگہی اجاگر کرنے کے لیے آگاہی واک کا انعقاد بھی کر رہے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایات دیں کہ انسدادِ سموگ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں ۔ سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی عروج فاطمہ کی جانب سے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ لودھراں کی جانب سے ضلع کی ریونیو حدود میں کالا دھواں چھوڑنے والے بھٹہ خشت کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا گیا ہے اور ضلع کے 100 فیصد بھٹہ خشت کو زیگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کروایا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں