بجلی چوروں کے گرد شکنجہ سخت،درجنوں گرفت میں،55لاکھ روپے جرمانہ
ملتان (خصوصی رپورٹر) ملتان الیکٹرک پاورکمپنی(میپکو) اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ ملتان، وہاڑی اور خانیوال کے علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کئے گئے ۔
ملتان، ٹھینگی وہاڑی اور کبیر والہ میں 36 بجلی چور پکڑے گئے ، 7 بجلی چور موقع سے گرفتار کئے گئے ۔ 2اہلکاروں کے خلاف بجلی چوری میں ملوث ہونے پر محکمانہ کارروائی کی سفارش۔ 55 لاکھ روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 5 نادہندہ زرعی ٹیوب ویلوں کے ٹرانسفارمرز اتار لئے گئے ۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکوملتان سرکل امجد نواز بھٹی کی ہدایت پر میپکوملتان سرکل سرویلنس ٹیم نے ملتان شہر کی گلگشت اور غلہ منڈی سب ڈویژنوں میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کی ۔ چک 71ڈبلیو بی،چک 73 ڈبلیو بی اور چک87 ڈبلیو بی میں 8 افراد ڈائریکٹ تار اور کنڈوں کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ۔ موقع سے پی وی سی کیبلز اور بجلی میٹرز بھی اتار لئے گئے اور5 افراد کو موقع سے گرفتارکروایاگیا۔5 مستقل نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے مختلف گھروں اور ڈیرہ جات کے کنکشنز منقطع کر دئیے گئے ۔ یہ مستقل نادہندگان محکمہ کے لاکھوں روپے کے ڈیفالٹرز تھے ۔بجلی چوری کے سدباب کے لئے 2 مختلف مقامات سے ایل ٹی لائنیں بھی اُتار ی گئیں۔ چک نمبر 44ڈبلیو بی،چک52ڈبلیو بی میں 8لاکھ 10ہزارروپے واجبات کی عدم ادائیگی پر2 نادہندہ زرعی ٹیوب ویلوں کے کنکشنز منقطع کرکے ٹرانسفارمرز اُتارے گئے ۔