ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی،اشتیاق رجوانہ
ملتان (خصوصی رپورٹر )ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں ہفتہ برائے آگہی ٹریفک قوانین کے حوالے سے لگائے گے خصوصی ڈیسک کا آج تیسرا اور آخری روز تھا۔ یونیورسٹی طلباوطالبات ، فیکلٹی اورسٹاف نے نا صرف ٹریفک قوانین بارے آگہی حاصل کی بلکہ اپنے ٹریفک لائسنس بھی بنوائے۔
رئیس جامعہ پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے ڈیسک کا دورہ کرتے ہوے کہا کہ سڑک پر سفر کرنے والے ہر شخص کے لیے ٹریفک قوانین کے ساتھ ساتھ حفاظتی اقدامات بارے آگہی بہت ضروری ہے ۔اس سلسلے میں پنجاب حکومت اور ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی بھی واضح ہدایت ہے کہ ایسے طلباء و طالبات جو موٹر سائیکل یا گاڑی کی ڈرائیونگ کرتے ہیں ان سے ڈرائیونگ لائسنس اور ہیلمٹ کی پابندی کروائی جائے ۔خلاف ورزی کرنے والے طلباء کے خلاف تعلیمی ادارے کارروائی کریں گے اور ہیلمٹ کے بغیر طلباء اور سٹاف کا تعلیمی اداروں میں داخلہ پر پابندی ہوگی۔آج کل مارکیٹ سے ملنے والے سستے ہیلمیٹ اس قابل نہیں جو موٹر سائیکل سوار کے حادثہ کی صورت میں جان بچا سکیں۔