غیر قانونی آ ئل ایجنسیز کیخلاف کریک ڈاون شروع :ڈپٹی کمشنر

 غیر قانونی آ ئل ایجنسیز کیخلاف کریک ڈاون شروع :ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے گذشتہ روز الیکٹرونک و پرنٹ سے تعلق رکھنے والے صحافیوں سے ملاقات کی۔

 اس موقع پر ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر عابدہ فرید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ انعم حفیظ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے کہا کہ ضلع کے ترقی اور عوام فلاح و بہبود کے لئے ضلعی انتظامی افسروں اور لائن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہان کے ساتھ ایک ٹیم کے صورت میں کام کریں گے ،انہوں نے کہا کہ میڈیا کی نشاندہی پر اجتماعی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کریں گے ،انہوں نے کہا کہ مظفرگڑھ کو ایک اچھے اور بہترین انفرا سٹرکچر کی ضرورت ہے اس میں بہتری لائی جائے گی ،پولیو سے بچاو کے لئے عملی اقدمات کئے جارہے ہیں، کمیونٹی کے ساتھ رابطہ مربوط بنایا جائے گا۔ پہلے سے موجود ہ گرین بیلٹس پر توجہ دی جائے گی اور نئی گرین بیلٹس بنائی جائیں گی۔ عوام کی اخلاقی تربیت بھی کی جائے ، معاشرتی برائیوں سے روکا جائے اور احساس ذمہ داری اور شعور بیدار کیا جائے ۔ ضلع میں موجود منی پیٹرول پمپ کے سوال کے جواب میں ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر میں غیر قانونی آ ئل ایجنسیز کے خلاف کریک ڈاون شروع کردیا گیا ہے ۔ صحافیوں کی طرف سے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج ، نکاسی آب، ناجائز تجاوزات ، قبرستان کی اراضی پر قبضہ جیسے مسائل کی نشاندہی کی جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ تمام مسائل کو حل کیا جائے گا اور آنے والے دنوں میں تبدیلی نظر آئے گی ،کامران خانزادہ اور نعیم احمد خان نے کہا کہ ضلع کی تعمیرو ترقی اور عوام فلاح وبہبود کے لئے صحافی برادری ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ ہے جہاں مسائل کی نشاندہی کی جائے گی وہاں فیڈ بیک بھی دیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں