ڈینگی ورکرز 5،ڈیلی ویجرز 8 ماہ کی تنخواہوں سے محروم،گھروں میں فاقے
ملتان(لیڈی رپورٹر) ضلع ملتان کو ڈینگی سے پاک رکھنے والے سات سو انسداد ڈینگی ورکر زپانچ ماہ اور پچھتر ڈیلی ویجز ورکرز آٹھ ماہ کی تنخواہوں سے محروم ۔۔۔
احتجاج کرنے اور میڈیا سے رابطہ کرنے والوں کو افسروں کی جانب سے نوکری سے نکالنے کی مبینہ دھمکیاں دی جانے لگیں، صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے چند روز قبل معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ملتان ڈویژن کو ہدایات جاری کیں۔ اس کے باوجود تاحال ڈینگی ورکرز تنخواہوں سے محروم ہیں تفصیل کے مطابق محکمہ صحت ملتان میں کام کرنے والے سات سو ڈینگی ڈیلی ویجز ورکر پانچ ماہ اور پچھتر ڈینگی ڈیلی ویجز ورکر تقریباََ آٹھ ماہ سے بغیر تنخواہ کے کام کرنے پر مجبور ہیں جبکہ انسداد ڈینگی مہم کے دوران انسداد پولیو مہم سمیت حفاظتی ٹیکہ جات مہم اور دیگر امور میں بھی انہیں ڈینگی ڈیلی ویجز ورکرز سے کام لیا جا رہا ہے اور موسم کی سختی کی پرواہ کئے بغیر ڈینگی ڈیلی ویجز ورکر گھر گھر مہم کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں تاہم اس کے باوجود تنخواہوں سے محروم ورکرز اپنے حق کیلئے احتجاج تک کرنے سے قاصر ہیں کیونکہ محکمہ صحت کے افسروں کی جانب سے احتجاج کرنے یا میڈیا سے رابطہ کرنے پر نوکری سے نکالنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں ۔ادھر اس حوالے سے سی ای او ہیلتھ ملتان ڈاکٹر ریاض احمد مستوئی کا کہنا تھا کہ وہ لاہور میں اسی مسئلے کے حل کے لئے اعلیٰ حکام سے بات کرنے کیلئے موجود ہیں ۔