پی ایم اے کا ڈاکٹر کے تبادلے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ‘ریلی
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر )دیہی مرکز صحت خان گڑھ کے ڈاکٹر کے تبادلے کیخلاف پی ایم اے نے احتجاجی ریلی نکالی اور ۔
مظاہرہ کیا۔ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ دیہی مرکز صحت خان گڑھ کے ڈاکٹر نعیم اختر کا تبادلہ کسی صورت قبول نہیں،تبادلے کے غیرمنصفانہ آرڈرز واپس نہ لیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائیگا۔ڈی ایچ کیو ہسپتال مظفرگڑھ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایم اے کے ضلعی صدر ڈاکٹر اطہر کلیم،چیئرمین ڈاکٹر یوسف نسیم لغاری ،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مستحسن ضمیر،ڈاکٹر اکبر خان چانڈیہ،ڈاکٹر شعیب امین،ڈاکٹر تنزیل الرحمن، ڈاکٹر عدنان قریشی و دیگر ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ایل ایچ ویز نے درخواست دی کہ دیہی مرکز صحت خان گڑھ کے ڈاکٹر نعیم اختر جوئیہ پولیو مہم کے معاملے پر تعاون نہیں کررہے ،پراسرار طور پر محکمہ صحت کی جانب سے درخواست کو چھپایا گیا اور بعدازاں 9اکتوبر کو محکمہ صحت نے درخواست پر انکوائری کیے بغیر ہی ڈاکٹر نعیم اختر کا ٹرانسفر 60 کلومیٹر دور خیرپور سادات میں تبادلہ کردیا،پی ایم اے عہدیداروں کیمطابق ٹرانسفر کے بعد مذکورہ ڈاکٹر کی انکوائری کی گئی لیکن انکوائری کے دوران ڈاکٹر نعیم اختر جوئیہ کا موقف لینا بھی گوارا نہ کیا گیا اور انکوائری کرکے 3گھنٹے میں رپورٹ فائنل کرکے اعلیٰ حکام کو بھجوا بھی دی گئی۔، کسی بااثر شخصیت کی خواہش پر ڈاکٹر کا غیرمنصفانہ تبادلہ کرنا قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے ،ڈاکٹر نعیم اختر جوئیہ کا تبادلہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائیگا، غیر حقیقی درخواستوں پر ایسی غیر منصفانہ کارروائیاں ہوتی رہیں تو ڈاکٹرز اپنی ڈیوٹیاں دینے سے قاصر رہیں گے ۔بعدازاں پی ایم اے کے ڈاکٹرز نے کالی پٹیاں باندھ کر احتجاجی ریلی نکالی اورتبادلے کے آرڈرز فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔