عوام نے میرج ایکٹ ہوا میں اڑا دیا،ون ڈش کی خلاف ورزی
ملتان(زینب گردیزی سے ) ضلع انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث شادی ہالز نے ون ڈش اور وقت کی پابندی کے احکامات ہوا میں اڑا دئیے جبکہ دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود بارات میں آتش بازی کا سلسلہ جاری ہے ۔جس پر شہریوں نے کارروائی کا مطالبہ کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق شادیوں اور دیگر تقریبات میں ون ڈش کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ شادی ہالز و میرج گارڈنز میں مہمانوں کی تواضع کیلئے ایک سے زائد کھانے تیار کئے جا نے لگے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے میرج فنکشن ایکٹ پر عملدرآمد کروانے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ وقت کی پابندی کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا جاتا اور مقرر کردہ وقت شب 10 بجے کے بجائے رات گئے تک تقریبات جاری رہتی ہیں ۔جس کی وجہ سے غریب اور سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے والدین تذبذب کا شکار ہیں۔ آتش بازی پر عائد پابندی کا خیال بھی نہیں رکھا جارہا اور اکثرباراتوں میں اسلحہ کی نمائش ہوتی اور فائرنگ کی جاتی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کر نے والے اداروں کو چاہیے کہ ون ڈش اور وقت کی پابندی نہ کرنے والے مالکان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں ۔ میرج ہال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ شادی ہال میں ون ڈش کی پابندی کرتے ہیں۔