کچن گارڈن سے حاصل سبزیاں صحت بخش،محکمہ زراعت

کچن گارڈن سے حاصل سبزیاں صحت بخش،محکمہ زراعت

ملتان(وقائع نگار خصوصی )ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پورا کرنے کے لئے سبزیوں کی اہمیت مسلمہ ہے ۔پاکستان میں سبزیوں کی فی کس کھپت عالمی معیار سے بہت کم ہے ۔

ماہرین کے مطابق انسانی خوراک میں سبزیوں کا استعمال 300 سے 350گرام فی کس روزانہ ہونا چاہیے جبکہ ہمارے ہاں یہ مقدار 100سے 150گرام فی کس روزانہ ہے ۔ کچن گارڈننگ کے تحت اپنے کھیت یا گھر کے باغیچہ میں کاشت کی گئی سبزیاں تازہ، صحتمند، سستی، زرعی زہروں اور دیگر آلائشوں سے پاک ہوتی ہیں جن کے استعمال سے انسانی صحت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔موسم سرما کی سبزیاں ماہ اکتوبر میں کاشت ہوتی ہیں اور فروری مارچ تک برداشت ہوتی رہتی ہیں۔موسم سرما کی سبزیوں میں پھول گوبھی، بند گوبھی، آلو، پیاز، سلاد، مولی، شلجم، مٹر، گاجر، پالک، میتھی، دھنیا، لہسن اور مٹر جبکہ موسم گرما میں بھنڈی، کریلا، کھیرا، تربوز اور خربوزہ وغیرہ کو زمین میں براہ راست کاشت کیا جا ئے گا۔پھول گوبھی، بند گوبھی، بروکلی، پیاز اور سلاد موسم سرما میں بذریعہ پنیری کاشت ہونے والی سبزیاں ہیں۔ سبزیوں کے لیے ایسی جگہ منتخب کیجئے جہاں پودے دن میں کم از کم چھ گھنٹے سورج کی روشنی سے مستفید ہوسکیں۔اگر آپ کے صحن یا باغیچے میں کوئی ایسی جگہ ہے جہاں زیادہ دیر تک سایہ رہتا ہو تو ایسی جگہ پر پتوں والی سبزیاں مثلا دھنیا، پودینہ، پالک، سلاد وغیرہ کاشت کیجئے ۔ کاشت کے لیے منتخب رقبہ کو ناپ لیں تا کہ آپ کو اندازہ ہو سکے کہ رقبہ کے لیے کتنی کھاد اور بیج کی ضرورت ہو گی۔ بعض سبزیاں مثلا دھنیا، پودینہ کم رقبے سے بھی گھر کی ضرورت پوری کر دیتی ہیں جبکہ دیگر سبزیوں کو زیادہ رقبے کی ضرورت ہوتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں