بجلی چوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن،6ٹرانسفارمر اتار لئے
ملتان(خصوصی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر جام گُل محمد زاہد کی زیرنگرانی میپکو ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔ ڈسکوسپورٹ یونٹ میں شامل فورسز میپکو ٹیموں کے ہمراہ آپریشن کرکے 45بجلی چوری پکڑ لئے ۔40لاکھ روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 6 ٹرانسفارمرز بھی اُتارے گئے ۔
سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو بہاولپور سرکل ملک یعقوب گدارا، ایڈیشنل سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو احمد پور ایسٹ ڈویژن ممتازعلی سولنگی اور ونگ کمانڈر رینجرز کی سربراہی میں چنی گوٹھ سب ڈویژن کی ترنڈہ محمد پناہ میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کیاگیا۔ آپریشن کے دوران 17افراد کو ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑاجبکہ بجلی چوری میں استعمال ہونے والے 9 میٹرز چیکنگ کے لئے ایم اینڈ ٹی لیبارٹری بھجوادئیے گئے ۔ 2میٹرز پر زیر التواء یونٹس بھی پکڑے گئے ۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ڈی جی خان سرکل ملک خورشیداحمد کی ہدایت پر ایکسین ڈی جی خان ڈویژن عزیز الرحمن اور ایس ڈی او کوئٹہ روڈسب ڈویژن کی سربراہی میں ٹیم نے مختلف علاقوں میں آپریشن کرکے 16افراد کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا اور تھانہ گدائی میں مقدمات کا اندراج بھی کروادیاگیا۔سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو بہاولنگر سرکل خالد حسین سیال کی زیرنگرانی ڈسکو سپورٹ یونٹ میں شامل جوائنٹ فورسز نے سیکنڈسب ڈویژن بہاولنگر کے علاقوں میں نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا۔ سیکنڈسب ڈویژن بہاولنگر کے علاقوں قریش کالونی،پل فورڈ واہ، جھلر آرائیں، پیپل والا کھوہ، چک چاویکہ اور چک تحصیلدار، منچن آبادسب ڈویژن کے سٹی منچن آباد،رشید کوٹ، چاہ پتیہ، نورپور، بونگااکبر ماڑی، ماڑی چاکوکہ اور سدھو حیدر والی میں 40لاکھ روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر 6ٹرانسفارمرز اور 15بجلی میٹرز اُتارلئے جبکہ مستقل نادہندگان سے 10 لاکھ روپے واجب الادارقم بھی وصول کی گئی۔