ایس ایچ او نے غیر قانونی حراست میں رکھا:شہری کا الزام
وہاڑی (نمائندہ دنیا)وہاڑی کے نواحی گاؤں 87ڈبلیو کے رہائشی ندیم نے الزام لگایا ہے کہ ایس ایچ او تھانہ دنیا پور رائے نزاکت نے غیر قانونی ریڈ کیا ، مجھے غیر قانونی طور گرفتار کیا گیا اور پانچ لاکھ روپے بطور رشوت وصول کر کے رہا کیا گیا۔
متاثرہ شخص نے اہل علاقہ کے ہمراہ احتجاج کیا ۔ وہاڑی کے نواحی گاؤں 87ڈبلیو کے رہائشی ندیم نے اہل علاقہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رائے نزاکت ایس ایچ او تھانہ دنیا پور جو ہمارے علاقہ کا رہائشی ہے نے 8 ستمبر کو 8بجے سرکاری ڈالے پر سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں کے ساتھ ہمارے گھر پر چھاپہ مارا ،چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے ہماری خواتین کے ساتھ بد تمیزی کی مجھے غیر قانونی طور پر گرفتار کر کے ایک ڈیرے پر رکھا اور میرے چچا کے گھر سے ایک گاڑ ی بھی ساتھ لے گئے اور مجھے تھانہ دنیا پور میں غیر قانونی طور پر بند کر دیا اور مجھ پر تشدد بھی کرتا رہا ، اس کو شک تھا کہ 2 گاڑیاں میں نے پکڑوائی ہیں جبکہ مجھے اس بابت کوئی علم نہ تھا ۔ایس ایچ او نے میرے ورثاء سے رابطہ کیا اور 20لاکھ روپے کی ڈیمانڈ کی ،میرے ورثاء سے 5لاکھ روپے وصول کر کے مجھے رہا کیا ،اب مزید 15لاکھ روپے اور ہمارے گھر سے لے جانے والی گاڑی کے کاغذات بھی مانگ رہا ہے ، آر پی او ملتان، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف انصاف دلوائیں ۔