کوٹ ادو ریلوے گرا ؤنڈ جوہڑ بن گیا،گندا پانی وبال جان
کوٹ ادو (تحصیل رپورٹر،نامہ نگار )ریلوے گرا ؤنڈ میں دہائیوں سے کھڑا گندا پانی جوہڑ کی شکل اختیار کرگیا ،پبلک ہیلتھ 20 کروڑ مالیتی منصوبہ اوربلدیہ کی جانب سے ایک کروڑ مالیتی گراسی پلاٹ کامنصوبہ التوا کا شکار، ڈپٹی کمشنر سید منور عباس بخاری سے اصلاح احوال کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے سٹیشن غربی سائیڈ دہائیوں سے کھڑا سیوریج کا گندا پانی وبال جان بن کررہ گیا ،ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی زیر زمین آلودہ پانی پینے سے مختلف امراض میں مبتلا ہے ،ریلوے گراؤنڈ میں کھڑے گندے پانی کی نکاسی اور رہائشیوں کی سہولت کے لئے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے شروع کیا جانیوالا تقریباً 20 کروڑ روپے کا سیوریج منصوبہ التوا کا شکار ہے جبکہ میونسپل کمیٹی کی جانب سے ایک کروڑ روپے کے فنڈز واکنگ ٹریک اورگراسی پلاٹ کے لئے مختص کئے گئے تھے جو سیوریج کے پانی کیوجہ سے استعمال میں نہ لائے جاسکے ۔اہل علاقہ رانا محمد ناصر، غلام فرید مصطفی شاہ، نجم خان، بابر حفیظ ایڈووکیٹ و دیگر نے ڈپٹی کمشنر سید منور عباس بخاری سے سیوریج منصوبہ فعال کرکے گراسی پلاٹ بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔