3ماہ میں 15کروڑ کی بجلی چوری کا انکشاف
ملتان (خصوصی رپورٹر)میپکو کے نااہل اور نا تجربہ کار ایس ڈی او کی ناقص کارکردگی کے باعث ملتان کی شہری سب ڈویژنز تباہی کے دہانے پر پہنچ گئیں۔ 95 فیصد شہری کمرشل اور گھریلو کنکشنز پر مشتمل نواں شہر سب ڈویژن میں تین مہینوں میں 15 کروڑ روپے سے زائد بجلی چوری ہونیکا انکشاف ہواہے ۔
ناتجربہ کار ایس ڈی او نے ریڈنگ سٹاف سے روزانہ اور ماہانہ نذرانے وصول کرنیکا ٹارگٹ رکھا اور بہترین سب ڈویژن تباہ کر دی۔ میپکو حکام نے نوٹس لیتے ہوئے یونین اورسیاسی وابستگی رکھنے والے با اثر ایس ڈی او کو معطل کردیا۔ ای اینڈ ڈی رولز کے تحت نوکری سے برخاست کرنے یا سخت سزا دئیے جانیکا امکان۔ کرپٹ ایس ڈی او نے جان بچانے کے لئے ہائیڈرو یونین اور سیاسی سفارشوں کا سہارا لے لیا۔ ذرائع کے مطابق بی ٹیک ڈپلومہ ہولڈر سے ترقی پا کر ایس ڈی او بننے والے شیخ محمد عمران نے ملتان شہر کی منافع میں جانے والی نواں شہر سب ڈویژن تباہی کے دہانے پر پہنچا دی۔ گریڈ 18میں بطور ایڈیشنل ایکسین اپ گریڈ ہونے والے شیخ محمد عمران کی نواں شہر سب ڈویژن میں تعیناتی کے دوران جولائی تا ستمبر 2024ء کے دوران 61 لاکھ 25 ہزار یونٹس بجلی چوری اور لائن لاسز کی مد میں ضائع اور غائب ہونیکا انکشاف ہوا ہے ۔ صرف تین ماہ کے مختصر عرصہ میں 15کروڑ روپے سے زائد مالیت کی بجلی چوری اور خسارے نے میپکو کے اعلیٰ افسروں کی نیندیں اڑا دیں اور ملتان سرکل کے افسروں نے لائن لاسز کی شرح میں ریکارڈ اضافے اور بڑے پیمانے پر بجلی چوری پر ایڈیشنل ایکسین نواں شہر سب ڈویژن شیخ محمد عمران کو ایک ہفتہ قبل نہ صرف معطل کرکے عہدے سے ہٹایا بلکہ اس کے خلاف پاکستان واپڈا ایمپلائز ای اینڈ ڈی رولز 1978ء کے تحت کاروائی بھی شروع کر دی گئی ہے ۔