لودھراں :معذور افراد میں ہمت کارڈز کی تقسیم کا آغاز
لودھراں ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ، سٹی رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد علی نے لودھراں تحصیل کے معذور افراد میں ہمت کارڈز کی تقسیم کے ۔
عمل کا آغاز کر دیا ۔ ہمت کارڈ کے ذریعے معذور افراد کو ہرتین ماہ بعد 10ہزار پانچ سو روپے کی امدادی رقم فراہم کی جائے گی ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد علی اور ڈپٹی ڈائریکٹرسوشل ویلفیئر نازیہ شریف نے سوشل ویلفئیر آفس لودھراں میں ہمت کارڈز تقسیم کیے ۔ اے ڈی سی جی محمد اسد علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد میں ہمت کارڈ کے ذریعے امدادی رقوم کی تقسیم وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا انسان دوست اور غریب پرور مثالی اقدام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمت کارڈ کے ذریعے معذور افراد کو تاریخ میں پہلی مرتبہ مالی امداد کی تقسیم کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جو پنجاب کی تاریخ کا انقلابی پروگرام ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام رجسٹرڈ معذور افراد کو بلاتفریق اور باعزت طریقے سے رقوم کی ادائیگی کی جا رہی ہے ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر نازیہ شریف نے بتایا کہ ضلع بھر سے معذور افراد کی 1141 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے سیکروٹنی کے بعد 357 معذور افراد کو ہمت کارڈ دیے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ہمت کارڈز کی رقوم کی تقسیم کا سلسلہ شروع ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمت کارڈ کے تحت رجسٹرڈ معذور افراد کو 10ہزار پانچ سو روپے کی سہ ماہی رقم ادا کی جا رہی ہے اور یہ تمام رجسٹرڈ افراد ہر تین ماہ بعد اپنے ہمت اے ٹی ایم کارڈز کے ذریعے کسی بھی بنک سے امدادی رقوم حاصل کر سکیں گے ۔