سکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے فنڈز فراہم
ملتان(وقائع نگار خصوصی ) ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کے لئے خطیر فنڈز مہیا کیے ہیں۔
اس سلسلے میں تمام سکولوں میں بنیادی سہولیات کلاس روم اور فرنیچر کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جا رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈسٹرکٹ جیل کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کلاس رومز کی انسپکشن کی اور طالبات کو لیکچر بھی دیا ۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کرام کی جدید خطوط پر تربیت کر کے نسل نو کو بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے تمام سرکاری سکولوں کی بھرپور مانیٹرنگ کا بھی آغاز کر دیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام سکولوں میں مرمت طلب کلاس رومز کو فوری اپ گریڈ کیا جائے۔