مصنوعی مہنگائی کا خاتمہ،فلاحی سکیموں پر کام تیز

مصنوعی مہنگائی کا خاتمہ،فلاحی سکیموں پر کام تیز

ملتان (وقائع نگار خصوصی)مصنوعی مہنگائی کا خاتمہ،شہر اور علاقائی مسائل حل کرنے کیلئے فلاحی سکیموں اور پروگرامز پر کام تیز کردیا گیا۔

کمشنر ملتان ڈویژن مریم خان سے سینئر سیاسی رہنماؤں کے وفد نے ملاقات کی اور اپنے علاقے کے مسائل بارے آگاہ کیا۔ کمشنر مریم خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر میونسپل سروسز پر خصوصی فوکس کیا گیا ہے ، ملتان وہاڑی روڈ کی تعمیر و اپ گریڈیشن کی سکیم بھی فائنل اپروول کے مرحلے میں ہے ، ستھرا پنجاب سکیم کے تحت ملتان کی دیہی یونین کونسلوں میں گھروں ،دکانوں ،قبرستانوں ،ہسپتالوں ،سکولوں ،پٹرول پمپوں ،کاروباری مراکز کی نمبر شماری کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے ،دیہی یونین کونسلوں میں کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر اپنے اپنے علاقے میں میونسپل سروسز خصوصاً صفائی بارے جائزہ لیتی ہیں۔ شہر بھر میں سستے ریڑھی بازار جبکہ منڈی میں عوام دوست سیل کاؤنٹر لگائے گئے ہیں تاکہ مصنوعی مہنگائی کا خاتمہ کیا جا سکے اور عوام کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق سستی اشیائے خوردونوش میسر ا سکیں۔ شہر میں بوسیدہ سیوریج لائنز کی وجہ سے سیورج کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، واسا کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کرے ، شہر کی خوبصورتی کے لیے لائن مارکنگ اور ڈیوائڈرز کے رنگ و روغن کا کام جاری ہے جبکہ فلائی اوورز کے برج کی تزین و آرائش بھی کی جا رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ کے پلانٹ اے ٹری فار پاکستان ویژن کے مطابق شہر میں بڑے پیمانے پر شجرکاری جاری ہے تاکہ سموگ سمیت ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ یقینی بنایا جائے اور نسل نو کو صاف ماحول کی فراہمی ممکن ہو سکے ۔ کمشنر مریم خان نے بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر عوامی مسائل کے حل کے لیے عوامی اوقات مقرر کیے گئے ہیں جن میں شہریوں کے مسائل سن کر موقع پر حل کر احکامات دیے جا رہے ہیں ،عدالتوں میں زیر التوا کیسز بارے شہریوں کو مکمل رہنمائی فراہم کی جاتی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں